نئی دہلی 16 ستمبر (آئی این ایس انڈیا ؍ایس او نیوز) بائیں بازوطلباء تنظیم آئسا،ایس ایف آئی ، اے آئی ایس ایف اور ڈی ایس ایف مشترکہ مورچہ (لیفٹ اتحاد) نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلبا یونین انتخابات میں مرکزی پینل کے تمام چار نشستوں پر جیت درج کی۔ جی این یو انتخابات منعقدہ کرنے والی کمیٹی نے اتوار کو اس کا اعلان کیا۔ لیفٹ اتحاد کی جانب سے صدر کے عہدے کے امیدوار این سائی بالاجی کو 2,161ووٹ ملے اور انہوں نے اس عہدے پر جیت درج کی جبکہ نائب صدر کے عہدے کے لئے بائیں اتحاد کی امیدوار ساریکا چودھری سب سے زیادہ 2,692 ووٹ حاصل کر فاتح ہوئیں۔ سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لئے بائیں اتحاد کے امیدوار اعجاز احمد کو2,423 ووٹ ملے اور انہوں نے اس عہدے پر جیت درج کی۔ لیفٹ اتحاد کی جانب سے جوائنٹ سکریٹری کے عہدے کی امیدوار امتھا کو 2,047 ووٹ ملے اور انہوں نے بھی کامیابی حاصل کی۔ لیفٹ حمایت یافتہ آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (آئیسا)، اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا، ڈیموکریٹک سٹوڈنٹس فیڈریشن اور آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے اتحاد بنا کر انتخاب لڑا تھا۔ بائیں اتحاد کے علاوہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی طالب علم یونٹ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی)، کانگریس کی طالب علم یونٹ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) اور برسا امبیڈکر پھلے اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (باپسا) کے بھی امیدوار انتخابی میدان میں تھے۔ جمعہ کو ہوئے جے این یو انتخابات میں 67.8 فیصد پولنگ ہوئی تھی، جسے گزشتہ چھ سال میں سب سے زیادہ بتایا گیا۔ 5ہزار سے زیادہ طالب علموں نے اپنے ووٹ ڈالے تھے